ناروے میں ایک شخص نے تیر کمان سے حملہ کرکے پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا جبکہ متعدد زخمی کردیا۔ حملہ آور گرفتار کرلیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ کہنا جلد بازی ہوگی کہ آیا یہ حملہ دہشت گردی کا واقعہ تو نہیں تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملے کا یہ واقعہ اوسلو کے مغرب میں کانگس برگ قصبے میں پیش آیا۔ ایک تیر کمان بردار شخص نے ایک سپر مارکیٹ کے قریب تیر سے حملہ کر دیا جس میں پانچ افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔زخمی ہونے والے دو افراد میں ایک پولیس افسر شامل ہے جو جائے واقعہ پرڈیوٹی پر تعینات تھے۔ انہیں علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتا یا کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس سربراہ اویوند آس نے کہا،مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات سے ایسا لگتا ہے کہ یہ واردات اس نے اکیلے ہی انجام دی۔ اس واقعے میں متعدد افراد زخمی اور کئی ہلاک ہو گئے ہیں۔”انہوں نے مزید کہا،حملے کے محرکات کا فوری طور پر علم نہیں ہوسکا ہے۔ تاہم واقعات جس طرح پیش آئے ہیں اس کے مد نظر اس بات کا پتہ لگانا فطری ہے کہ آیا کوئی دہشت گردانہ حملہ تو نہیں تھا۔ ہم تمام امکانات پر غور کررہے ہیں۔”یہ حملہ شہر کے وسط میں واقع ایک ‘بہت بڑے علاقے میں ہوا۔ پولیس کو شا م ساڑھے چھ بجے اس کی اطلاع دی گئی اور اس نے 20 منٹ کے اندر مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق مشتبہ 37 سالہ شخص ڈنمارک کا شہری ہے اور کانگس برگ میں رہتا ہے۔ انہوں نے ٹیلی ویژن کی ان خبروں کی تردید کی کہ حملہ آرو ناروے کا شہری ہے۔ اس کے خلاف الزامات درج کرلیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق ہم نے اس اطلاع کی تصدیق کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ حملہ آور کی شہریت کے بارے میں سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلنے لگی تھیں۔ کچھ لوگ ایسے افراد کو بھی اس میں ملوث کرنے کی کوشش کررہے تھے جن کا اس سنگین واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔”پولیس نے کہا کہ اس حملے کی تفتیش کی جارہی ہے اور فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ تھا یا نہیں۔