اسلام آباد(آئی پی ایس )ڈی آئی جی آپریشنز کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ہواجس میں کرائم کی صورتحال کے بارے جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن عطا الرحمان، ایس ایس پی آپریشنز سید علی اکبر شاہ نے شرکت کی،زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز بھی شریک ہوئے ۔اجلاس میں تمام زونز کے کرائم کا جائزہ لیا، متعلقہ افسران سے پوچھ گچھ کی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ناقص کارکردگی پر افسران کو شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔اچھی کارکردگی پر ایس ایچ او آئی نائن کو 25 ہزار روپے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔اے وی ایل سی اور سی آئی اے کو اچھی کارکردگی پر شاباش دی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت کی کہ تمام افسران خصوصا ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اگلے سات روز میں پرفارمنس دکھائیں، قتل کے مقدمات میں اشتہاری اور نامزد ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ مقدمات کے چالان اور برآمدگی کی شرح میں اضافہ کرنے اورزیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پر یکسو کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے اورغیرقانونی اسلحہ اور منشیات کے خلاف مہم میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے کہا کہ کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کروں گا، ہم عوام کے خادم ہیں اس لئے ان کی جان و مال کا تحفظ بھی ہمارا اولین فرض ہے،کار و موٹر سائیکل چوری کی واردات کسی صورت نہیں ہونی چاہئے ۔