
اسلام آباد ، چیف کمشنر عامر علی احمد کی ہدایت پر ڈینگی پھیلائو کو روکنے کیلئے اسلام آباد میں گرینڈ مہم شروع کر دی گئی ، اسسٹنٹ کمشنرز کی طرف سے مختلف علاقوں کی انسپکشن کے دوران انسداد ڈینگی اقدامات کے تحت 30ہزار کے جرمانے کئے گئے جبکہ دو مقدمات درج کر کے 7مقامات کو سیل کر دیا گیا ۔
ہفتہ کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے بتایا کہ وفاقی دارلحکومت میں ڈینگی پھیلائو کو روکنے کیلئے چیف کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر انسداد ڈینگی مہم شروع کر دی ،مہم کے تحت آئندہ چار سے پانچ روز میں اسلام آباد کے تمام شہری اور دیہی علاقوں کی ایک ایک گلی میں فوگنگ اور مچھر کش ادویات کا سپرے کیا جائے گا ،مہم کے دوسرے روز ایف سکس ، جی سکس ، ایف سیون ، ایف ایٹ ،جی سیون ، جی ایٹ ، جی ٹین ، جی فورٹین ، آئی ٹین ،آئی ایٹ ، راول ٹائون ، ایف الیون ، ایف فائیو، ایف ایٹ ، شاہ اللہ دتہ ،ترنول اور جھنگی سیداں ، سید پور، مہر آبادی اور کچھ کچی آبادیوں میں فوگنگ اور مچھر کش ادویات کا سپرے کیا گیا ،فوگنگ اقدامات کو لیڈ کرنے کیلئے سی ڈی اے، ایم سی آئی سمیت مختلف اداروں پر مشتمل 20ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ بس اڈوں اور مساجد میں فوگنگ اور سپرے کیلئے بھی الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ،تمام ہائوسنگ سوسائٹیز کو بھی فوگنگ اور مچھر کش سپرے کیلئے اقدامات بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈینگی پھیلائو کو روکنے کیلئے دفعہ144کا بھی نفاذ کیا گیا ہے ، جس کے تحت گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا کرنے پر کارروائی کی جائے گی ، ہفتہ کو اسسٹنٹ کمشنرز کی طرف سے مختلف علاقوں کی انسپکشن کے دوران انسداد ڈینگی اقدامات کے تحت 30ہزار کے جرمانے کئے گئے جبکہ دو مقدمات درج کر کے 7مقامات کو سیل کر دیا گیا ۔