ٹیکسلا، راولپنڈی کے نواحقی علاقے ٹیکسلا پسوال روڈ پر مبینہ طور پر اراضی کے تنازعہ پر 4نامعلوم افراد نے ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکیورٹی سپروائزر کو گالیاں مار کر ہلاک کردیا جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ ڈی ایس پی سرکل ٹیکسلا طاہر کاظمی اور ایس ایچ او مسرور احمد ہسپتال پہنچ گئے ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق عمر ملک نے بتایا کہ وہ اور اس کا بڑا بھائی 36سالہ وقاص ملک ویٹرنز ہاوسنگ سوسائٹی میں بطور سیکیورٹی سپروائزر چوکیدار کام کرتے تھے ، گزشتہ رات ڈیڑھ بچے کے قریب 4مسلح افراد آگئے ، کتوں کے بھونکنے پر جب میں باہر نکلا تو مسلح افراد نے اسلحہ کی نوک پر مجھے خاموش کرانے کی کوشش کی جس پر میں نے شورمچا دیا، شور کی آواز سن کر میرا بھائی جب باہر نکلا تو ملزمان نے اس پر فائر کھول دیا جس کے جواب میں مقتول نے بھی ایک ہوائی فائر کیا ،ملزمان کی اندھادھند فائرنگ اور گولیاں لگنے سے ملک وقاص شدید زخمی ہوکر گر پڑا ، ہم اسے لیکر ہسپتال پہنچے تو اس کی موت واقع ہوچکی تھی ۔ قتل کے چشم دید گواہ مقتول کے بھائی نے بتایا کہ ملک وقاص سوسائٹی میں اراضی کے معاملات کو بھی دیکھتے تھے ، ممکنہ طور پر قتل کی یہ وجہ عناد ہوسکتی ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ۔ دوسری طرف مقتول ملک وقاص کا جنازہ وحدت کالونی ٹیکسلا میں ادا کردیا گیا۔ ادھر شہری حلقوں نے اس طرح سے ایک سوسائٹی کے دفتر میں جا کر قتل وغارت گری کی واردات پر اظہار تشویش کیا اور سی پی او سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔