دبئی(آئی پی ایس)صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی 2 روزہ دورے پر دبئی پہنچ گئے،متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اِنصاف، عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی، اور پاکستانی سفیر افضال محمود نے ایئر پورٹ پر صدر مملکت کا استقبال کیا،صدر مملکت متحدہ عرب امارات کی اعلی قیادت سے ملاقات بھی کریں گے۔دبئی میں ایکسپو 2020 نمائش جاری ہے جس میں پاکستان بھی شرکت کررہا ہے اس کا پویلین پاکستان سے باہر سب سے بڑا پویلین ہیں جسے پاکستان ۔۔ اک پوشیدہ خزانہ ۔۔ کا نام دیا گیا ہے۔ پویلین کا باضابطہ افتتاح پاکستانی صدرعارف علوی کریں گے ۔پاکستانی صدرامارات کے دو روزہ دورے پر ہفتے کو امارات پہنچے ان کی مصروفیات میں روشن ڈیجیٹل اکاونٹ اور روشن اپنا گھر سکیم سے متعلق تقریب میں شرکت بھی شامل ہے ،وہ اپنے دورے میں امارات کے حکام سے ملیں گے اس کے علاوہ مقامی اور پاکستانی کاروباری شخصیت اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔ اس سال امارات اپنے قیام کی گولڈن جوبلی منارہا ہے۔ ان کا دورہ اس سلسلے کی بھی کڑی ہے۔ امارات اور پاکستان میں گہرے روابط ہیں اور اس وقت 16 لاکھ پاکستانی امارات میں مقیم ہیں۔ جنہوں نے گزشتہ مالی سال کے دوران 6 ارب ڈالر کا خطیر زرمبادلہ اپنے وطن بھیجا تھا۔