اسلام آباد،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن روتے ہوئے بچوں کا اجتماع ہے جن کا کام صرف رونا ہے، جو بھی اصلاحات لے آئیں، اپوزیشن کا کام اس پر شور مچانا اور اس کی مخالفت کرنا ہے، نیب آرڈیننس پر تنقید کرنے والوں کی اکثر تجاویز اسی آرڈیننس میں شامل ہیں، کابینہ نے ربیع الاول میں عشرہ رحمت العالمین ۖمنانے کا فیصلہ کیا تھا، وزیراعظم عمران خان اتوار کو سیرت کانفرنس سے خطاب کریں گے، ملک بھر میں تحریک انصاف کی ضلعی تنظیمیں وزیراعظم کا خطاب براہ راست دکھائی گی، تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں عشرہ رحمت العالمین ۖبھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے اپنے گزشتہ اجلاس میں عشرہ رحمت العالمین ۖمنانے کا فیصلہ کیا تھا، وزیراعظم عمران خان کی خواہش تھی کہ اس حوالے سے تمام تقریبات میں پارٹی شرکت کرے، اس مقصد کے لئے انہوں نے پوری پارٹی کو اکٹھا کیا اور ہدایت جاری کی کہ تحریک انصاف کی تمام ضلعی تنظیمیں اس حوالے سے تقریبات کا انعقاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اتوار کو سیرت کانفرنس سے خطاب کریں گے اور عشرہ رحمت اللعالمین ۖکا آغاز اور افتتاح کریں گے۔ اس خطاب کی تقریب پاکستان تحریک انصاف کی تمام ضلعی تنظیمیں براہ راست دکھائیں گی۔ ان تقاریب کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے نبی ۖسے اپنے رشتے کا اظہار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی تنظیم سازی کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ تنظیم سازی کے حوالے سے ہم نے حکمت عملی تیار کرلی ہے، مقامی حکومتوں کے انتخابات بھی قریب آ رہے ہیں اور ضروری ہے کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات سے پہلے پی ٹی آئی کی تنظیم سازی مکمل ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس پر جو تنقید کر رہے ہیں ان کی اکثر ترامیم اسی آرڈیننس کا حصہ ہیں۔ ٹرائل کورٹس کو ضمانت کا حق دینے، ٹیکس کے کیسز کو نیب کی دسترس سے ہٹانے اور نیب کے عدالتی نظام کو تبدیل اور مضبوط کرنے پر سب کا اتفاق تھا، ہم اس میں ٹیکنالوجی لائے ہیں، اب اس کے بعد بھی کسی کو اعتراض ہے تو وہ پارلیمنٹ میں لے آئے، پی ٹی آئی اس نیب آرڈیننس کے پیچھے کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیب اصلاحات ہوں یا الیکٹورل ریفارمز، اپوزیشن نے اس کی مخالفت کرنی ہے۔ اپوزیشن روتے ہوئے بچوں کا اجتماع ہے، اس کا کام صرف رونا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کا دورہ منسوخ ہونے پر پوری دنیا کے کرکٹرز اور لوگوں نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی جس پر ان کے مشکور ہیں۔ بھارت نے اس دورہ کو ناکام بنانے کی پوری کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج نیوزی لینڈ بھی پاکستان آنا چاہ رہی ہے اور انگلینڈ نے اپنی سیریز کنفرم کر دی ہے۔