اسلام آباد(آئی پی ایس)ممبر کشمیر کونسل محمد یونس میرنے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارت انسانیت سوز مظالم ڈھا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، کشمیری انسانی بنیادی حقوق سے محروم ہیں، بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ،نوجوانوں کو تشدد کر کے شہید کر دیا جاتا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری خاموش تماشائی نا بنیں بلکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں، مودی سرکار سن لے وہ تحریک آزادی کشمیر کو نہیں روک سکتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ محمد یونس میر نے کہا کہ مودی کی اصلیت کون نہیں جانتا وہ ایک انتہا پسندانہ سوچ رکھنے والا شخص ہے، نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کی انتہا کر دی،ہر فورم پر بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں گے۔محمد یونس میر نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام ہے جو تمام تر بھارتی مظالم کے باوجود اپنے حق کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں ، عالمی برداری خاموش رہنے کے بجائے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ بھی اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔