اسلام آباد (آئی پی ایس) اسلام آباد میں ڈینگی کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہونے لگا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 84 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے اے سی ، ڈی ایچ او آفس ، ایم سی آئی ہیلتھ ، سی ڈی اے اور ڈیگرمحکموں پرمشتمل ٹیم تشکیل دیدی جو انسداد ڈینگی کے حوالے سے کام کریگی ۔ ٹیم کی توجہ دھواں ، سپرے ودیگر سرگرمیوں اور آگاہی پر مرکوز ہے۔ ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے انسداد ڈینگی کیلئے دفعہ 144 بھی لگائی گئی ہے۔ آئی سی ٹی اے سی اور مجسٹریٹس نے ڈینگی ہاٹ سپاٹ کو سیل کرکے 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ انسداد ڈینگی کے حوالے سے سخت کارروائی کرنے کے لیے تین مجسٹریٹس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ڈی سی اسلام آباد اور اے ڈی سی اسلام آباد نے اس سلسلے میں متعدد مقامات کا دورہ کیا۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارلحکومت کے دیہی علاقے میں ڈینگی ایک اور جان نگل گیا۔