اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مردم شماری کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا،موجودہ دورِ حکومت میں ادارے آزاد ہیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشین انتخابی عمل میں شفافیت لے کر آئے گی۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیرِ اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق، خالد مقبول صدیقی، سینیٹر فیصل سبزواری اور وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر شریک ہوئے ۔ملاقات میں مردم شماری اور سندھ میں جاری وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے انتخابی عمل پر مثبت اثرات کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔شرکا نے کہا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں مل کر سندھ اور بالخصوص کراچی کی ترقی کیلئے موثرکردار ادا کر رہی ہیں۔وفد نے وفاقی حکومت کے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے منصوبوں پر وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔