
کراچی(آئی پی ایس)کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت جرمنی سے کراچی پہنچا دی گئی، ائیرپورٹ پر عمر شریف کے بیٹوں اور عزیز و اقارب نے میت وصول کی۔ میت ترک ائیر لائن کی پرواز سے کراچی پہنچائی گئی۔ عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل بھی اسی جہاز میں پاکستان پہنچیں۔میت کو کراچی ائیرپورٹ سے ایدھی سرد خانہ سہراب گوٹھ منتقل کردیا گیا۔ اس دوران میت کو قافلے کی صورت میں ایئرپورٹ سے ایدھی سرد خانے لایا گیا۔۔ لیجنڈ اداکار کی نماز جنازہ سہ پہر 3بجے ادا کی جائے گی، تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ہوگی۔ مداحوں کی جانب سے لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمر شریف کی نمازہ جنازہ ادائیگی کے انتظامات مکمل ہیں، عمر شریف کے ورثا سے مسلسل رابطے میں ہیں، ہرممکن مدد کریں گے، عمر شریف دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والوں میں نمایاں رہے، پوری کوشش ہے ان کے اہل خانہ کو سہولیات دیں، عمر شریف کے نام سے کسی ادارے کو بھی منسوب کیا جائے گا۔