
اسلام آباد،مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے وفاقی وزرا کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے حکم پہ الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیا جا رہا ہے۔
اتوار کے روز وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اکسانے پر وزرا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ،الیکشن کمیشن اور ارکان پارلیمان کے سوالات کے حکومت کے پاس جواب نہیں، اس لئے پی آئی ڈی میں بیٹھ کر الیکشن کمیشن پر حملے کئے جارہے ہیں ،الیکشن کمیشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بغاوت پر اکسانا آئین سے غداری اور آئینی اداروں پر حملہ ہے ،الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 10 کے تحت الیکشن کمیشن وفاقی وزرا کے خلاف قانونی کارروائی کرے ،الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات حکومت کی غیر جمہوری اور آمرانہ سوچ کا ثبوت ہے ،مریم اور نگزیب نے مزید کہا کہ آرٹی ایس کی پیداوار حکومت اور اس کے وزراء چیف الیکشن کمشنر پر بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں ،چیف الیکشن کمشنر اور اس کے ارکان آئین اور قانون کی زبان بول رہے ہیں جو مسلط شدہ حکومت کو سمجھ نہیں آتی ،عمران صاحب غیرقانون فارن فنڈنگ سے نجات کے لئے الیکشن کمیشن پر دباو ڈال رہے ہیں ،عمران صاحب کے حکم پر غیرقانونی فار ن فنڈنگ کیس میں من مرضی کا فیصلہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیاجا رہا ہے ،ڈسکہ الیکشن کی دھند اور الیکشن چوری پکڑے جانے کی رپورٹ رکوانے کیلئے حکومت کی طرف سے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے ،ڈسکہ اور اب کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے نتائج کا غصہ عمران صاحب کے حکم پر الیکشن کمیشن پہ نکالا جا رہا ہے۔