اسلام آباد، رکن قومی اسمبلی و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ راجہ خرم نواز نے کرپا گاوں کو سوئی گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کر دیا
تقریب میں پہنچنے پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے راجہ خرم نواز کا پرتپاک استقبال کیا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ خرم نواز نے کہا کہ اللہ تعالی نے آپ کے سامنے آج مجھے سرخرو کیا اور 2018 کے الیکشن میں کیا وعدہ آج پورا کر دیا،ممبر قومی اسمبلی کا حلف اٹھاتے وقت عہد کیا کہ حلقے کی تعمیر و ترقی کیلئے بلاتفریق کام کروں گا،آپ کے ووٹ سے اس مقام پر ہوں کیسے آپ کو بھول سکتا ہوں،ماضی کے سیاستدانوں نے پارلیمنٹ کے گرد چکر لگائے اور دیہی علاقوں کو مکمل بھول گئے جس کی وجہ سے ہمارے دیہی علاقے شدید پسماندگی کا شکار رہے،وزیراعظم پاکستان کی خصوصی توجہ سے اسلام آباد بدل چکا ہے،تمام ضروری عوامی منصوبے شروع ہیں، برما پل کی مثال آپ کے سامنے ہے جو سابق وزیر کے گھر کے پاس تھا اور اپنی وزارت کے تحت بننا تھا مگر جب نیت ہی نہ ہو اور مقاصد زاتی ہوں تو پھر عوامی کام نہیں ہوتے ،وزیراعظم پاکستان سے میٹنگ ہو یا کسی بھی فورم پر گئے ہوں ایجنڈا صرف حلقے کے مسائل حل کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپا یونین کونسل میں سوئی گیس،بجلی کی اپ گریڈیشن،سڑکوں،گلیوں،سیوریج،پانی اور صحت مراکز کیلئے کروڑوں کے فنڈ خرچ کئے ،جلد مزید بڑے عوامی فلاح کے منصوبوں کے ٹینڈر جاری ہو رہے ہیں جس سے آپ کے علاقے مزید ترقی کریں گے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا،ہم نے ہر کام عوام کے سامنے رکھا ہے ہمارے آفیشل فیسبک پیچ ،ٹویٹر پر تمام معلومات ڈاکومنٹس کے ساتھ موجود ہیں،بعض سیاسی جماعتیں جو اپنے دور میں جعلی افتتاح کرتے رہے وہ اب ہماری سکیموں پر عوام کے سامنے سوشل میڈیا پر جعلی کریڈٹ لینے کی کوشش کرتے ہیں ،انکے لئے اتنا پیغام ہے کام وہ ہے جو آپ اپنے دور میں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین راجہ زاہد حسین نے یونین کونسل کرپا کیلئے دن رات محنت کی اور اس یونین کونسل کا نقشہ بدل دیا۔