
اسلام آباد،امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہو ش ربا اضافے نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے ، حکومت نے عوام پر پہلے ہی مہنگائی کے پہاڑ توڑ ڈالے ہیں، ہر ماہ پٹرولیم مصنوعات اور بنیادی عوامی ضرورت کی اشیامیں آئے روز اضا فے نے عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے اور یہ سب کچھ آئی ایم ایف کے فرمودات کی تابعداری کا نتیجہ ہے ، انھوں نے کہا پی ٹی آئی حکومت میں ایک کروڑ سے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں اورپچیس لاکھ سے زیادہ بے روزگار ہوئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی اسلام آباد کے ناظمین شعبہ جات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔
نصراللہ رندھاوا نے کہا مہنگائی ، بے روزگاری ، چینی ، آٹا ، بجلی گیس ، تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ بھوک و افلاس اور انارکی پیدا کرر ہاہے،وزیر اعظم عمران خان مصنوعی اقدامات کے ذریعے عوام کو زیا دہ دیر دھوکہ نہیں دے سکتے،وزیر اعظم عمران خان کی ٹیم نے ملک کو بد تر ین معاشی اور سیاسی بحران سے دو چار کر دیا ہے،انھوں نے کہا ان حالات میںجماعت اسلامی کے کارکنان، وابستگان ، عزم و ہمت سے عوامی رابطہ مہم کو آگے بڑھائیںکہ عوام نے سب کوآزمالیا ہے اب جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ملک کو اہل ،دیانتدار ،بااعتماد اور لائحہ عمل کے ذریعے بحرانوں سے نجات دلائیں گے۔