سکردو، ڈائریکٹر ہیلتھ بلتستان ریجن سید صادق شاہ نے کہا ہے کہ رواں برس بلتستان بھر میں 80 فیصد افراد کو کورونا ویکسین لگوانے کا ہدف مقرر ہے ،عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور اس وبائی مرض سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین عبادت سمجھ کر لگوائیں۔
ایک انٹرویو کے دوران محکمہ صحت بلتستان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید صادق شاہ نے کہا کہ کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے بلتستان کے عوام کا محکمہ صحت کے ساتھ مثالی تعاون رہا ہے علاقے میں کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی شرح حوصلہ افزا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب تک بلتستان بھر میں مجموعی طور پر 2824افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 2707 افراد کرونا کو شکست دے کر صحتیاب ہوئے تاہم بد قسمتی سے اب تک بلتستان میں 74افراد کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی اور محکمہ صحت نے ترجیحی بنیاد پر بلتستان میں کرونا ویکسین لگوانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں اس سلسلے میں رواں برس اٹھارہ سال سے زائد 80 فیصد افراد کو کرونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے عوامی تعاون سے یہ ہدف پورا کیا جائے گا محکمہ صحت کے ساتھ پہلے کی طرح عوام کا بھرپور تعاون رہا تو بقیہ بیس فیصد آبادی کو کرونا وائرس سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک ضلع سکردو میں 30 فیصد، کھرمنگ میں 25 فیصد، گانچھے میں 23 فیصد اور ضلع شگر میں 21 فیصد افراد نے کرونا کے خلاف ویکسینیشن کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سکردو میں اب تک 90 فیصد افراد نے کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے جبکہ ضلع گانچھے میں 46 فیصد نے اب تک پہلی ویکسین لگوائی ہے اسی طرح ضلع شگر میں 25012 اور ضلع کھرمنگ میں 16243افراد نے کرونا وائرس سے بچا کی پہلی خوراک لی ہیں۔ سید صادق شاہ نے کہا کہ کرونا کے خلاف ویکسینیشن کا عمل مکمل کیے بغیر اس وبائی بیماری سے محفوظ نہیں رہا جا سکتا انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے قریبی ویکسینیشن سینٹر پر جا کر کرونا کے خلاف ویکسین ضرور لگوائیں اس سلسلے میں محکمہ صحت نے 20 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے ہوئے ہیں۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ نے کہا کہ محکمہ صحت بلتستان اے کے آر ایس پی اور دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر بلتستان کو کرونا وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اس سلسلے میں دور دراز اور بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث آمد و رفت کی راہ میں مشکلات کے پیش نظر ویکسینیشن کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے جن میں گلتری سمیت ضلع گانچھے، شگر اور کھرمنگ کے علاوہ روندو کے مخلتف علاقے شامل ہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ این سی او سی اور محکمہ صحت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور کرونا وبا کے خلاف ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ علاقے سے اس وبائی مرض کا خاتمہ ہو۔