
اسلام آباد(آئی پی ایس )کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ممبر انجینئرنگ نے ہفتے کے روز ڈی جی ورکس، ڈرایکٹر روڈ سائوتھ، نیسپاک کنسلٹنٹ اور این ایل سی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد کے علاقے آئی جے پی روڈ کا دورہ کیا اور ہونے والے ترقیاتی کاموں کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا۔مزید برآں سروے، سائل انوسٹیگیشن، پائل روڈ ٹیسٹ کو جلد از جلد شروع کرنے کے احکامات ممبر انجینئرنگ کی جانب سے متعلقہ عملے کو جاری کئے گئے۔ یاد رہے اس منصوبے میں آئی جے پی روڈ پر ٹریفک کا دبائو کم کرنے کے لئے دو پل اور دو فلائی اوورز تعمیر کئے جائیں گے، نائنتھ ایونیو اور آئی جے پی روڈ پر فلائی اوورز جبکہ کٹاریاں اور پیرودھائی کے مقام پر دو پل تعمیر کئے جائیں گے، جس سے ٹریفک کا نظام رواں دواں رکھنے اور شہریوں کو ٹریفک جام جیسے مسائل سے دوچار نہیں ہونا پڑے گا۔ واضح رہے یہ منصوبہ 18 ماہ میں مکمل کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، جبکہ اس منصوبے کی کل لاگت 4.9 بلین روپے ہے ۔اس موقع پر متعلقہ عملے کو کام کی رفتار تیز کرنے کے احکامات بھی ممبر انجینئرنگ کی جانب سے جاری کئے گئے۔