اسلام آباد(قیصر ستی )قومی کرکٹرز نے پاکستان کو ایک محفوظ اور قابل فخر قوم قرار دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز ملتوی ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے لکھا کہ سیریز کے اچانک ملتوی ہونے پر انتہائی مایوسی ہے، جو پاکستان کرکٹ کے لاکھوں شائقین کے لیے مسکراہٹیں واپس لا سکتی تھی۔ مجھے اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے۔ وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو غیر معمولی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، مکمل یقین دہانی اور اطمینان کے بعد سیریز آخری منٹ میں منسوخ کرنا بہت افسوسناک ہے۔دوسری طرف ٹویٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شاداب خان نے کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا ہے، پاکستانیوں کو کرکٹ بہت پسند ہے اور ہم نے ملک میں کرکٹ کو واپس لانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔شاداب خان نے کہا کہ پی ایس ایل اور پاکستان کا دورہ کرنے والی دیگر ٹیمیں ہماری مہمان نوازی اور سیکیورٹی انتظامات کا ثبوت ہیں۔ہم ملک میں کرکٹ واپس لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔قومی ٹیم کے فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹویٹر پر لکھا کہ کاش میرے پاس مایوسی کو بیان کرنے کے الفاظ ہوتے، پاکستان کے پاس نہ صرف دنیا کی بہترین سکیورٹی فورس ہے جبکہ بہت سی غیر ملکی ٹیموں نے ماضی میں پاکستان میں اپنے کرکٹ دورے کامیابی سے اور پرامن طریقے سے مکمل کیے ہیں۔قومی ٹیم کے پروفیسر محمد حفیظ نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ پاکستان ایک محفوظ اور قابل فخر قوم ہے۔ سیریز ملتوی کرنا پوری قوم کے لیے بالکل افسوسناک خبر ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹویٹر پر لکھا کہ ایک جعلی دھمکی پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے تمام یقین دہانیوں کے باوجود دورہ منسوخ کر دیا۔کیا آپ کو اپنے فیصلے کے اثرات کا اندازہ ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے کیا محرکات ہیں معلوم کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے بات کرنے کی ضرورت ہے، چارٹرڈ طیارہ تو کل آئے گا یہاں منٹ منٹ میں چیزیں بدل جاتی ہیں،ہمیں آئی سی سی سے براہ راست دو ٹوک بات کرنی ہوگی۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ یہ سوچ کر میں اور زیادہ افسردہ ہورہا ہوں کہ ہمارے فینز کتنے اپ سیٹ ہوں گے، دنیا سے میں یہی کہوں گا کہ ہمارا ملک کرکٹ کے لئے محفوظ ہے، فینز سے یہی کہوں گا کہ ہم ان کی افسردگی کو خوشیوں میں بدلیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی سیریز کا عین وقت پر ختم ہونا افسوسناک ہے، آج کا دن پاکستان کرکٹ کے لیے بدقسمت ہے، سیکیورٹی سے متعلق کسی کو توقع نہیں تھی کہ یہ فیصلہ ہو گا، پاکستان کے حالات اچھے ہیں۔