اسلام آباد،ویسٹ انڈیزکو دو مرتبہ ورلڈکپ جتوانے والے اور پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)میں پشاور زلمی کے مینٹور کوچ ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی سیریز منسوخی پر مایوسی ہوئی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی ایشو کو وجہ بنا کر نیوزی لینڈ اور پاکستان کی سیریز کو منسوخ کر دینا قابل افسوس ہے۔ پچھلے 6سالوں سے پاکستان کا کھیلنا اور دورہ کرنا انتہائی خوشگوار تجربات میں سے ایک رہا ہے۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان میں اپنے آپ کو محفوظ ہمیشہ محسوس کیا ہے، یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے۔پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے ردرفورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کی منسوخی کرکٹ سے محبت کرنے والوں کے لیے اچھی خبر نہیں ہے۔ میں نے بہت سے ممالک میں سفر کیا ہے، پاکستان کرکٹ کے حوالے سے محفوظ ترین ملک ہے اور کرکٹ سے پیار کرنے والا ملک ہے۔ سری لنکن کرکٹر اینجلو پریرا نے بھی پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کی منسوخی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔ معروف کمنٹیٹر ڈینی مورسن نے کہا کہ اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو سیکیورٹی الرٹ تھا وہ پاکستان ٹیم بھیجنی ہی نہیں چاہیے تھی مگر جب میچ شروع ہونے میں کچھ ہی وقت رہتا تھا اس وقت دورہ ملتوی کرنا ملک کی بے عزتی اور اسے نظرانداز کرنے کے مترادف ہے ،میں دنیا بھر میں60سے زائد ملکوںمیں گیا ہوں، پاکستان محفوظ ترین ملک ہے۔