اہم خبریںپاکستانکھیل

دستانے پہنے ہوئے ہاتھوں نے سازش سے نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرایا ، شیخ رشید ،پی سی بی کا معاملے پر آئی سی سی جانے کا اعلان

اسلام آباد (قیصر ستی)نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے یکطرفہ طور پر سریز ختم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی جانے کا اعلان کر دیا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کو سازش کے ذریعے ختم کیا گیا ، دستانے پہنے ہاتھ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کوئی تھرٹ نہیں تھا، جب ہمارے سیکیورٹی اداروں نے ان کے اداروں سے بات کی تو ان کے پاس کوئی ذمہ دار شواہد نہ تھے۔
جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کیا، نیوزی لینڈ کے سکیورٹی انچارج نے کہا سکیورٹی خدشات ہیں، نیوزی لینڈ سکیورٹی انچارج سے پوچھا کیا سکیورٹی خدشات ہیں تو بتایا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس اطلاع ہے ٹیم باہر نکلے گی تو حملہ ہو سکتا ہے۔ ہمارے اداروں نے راضی کرنے کی کوشش کی لیکن نیوزی لینڈ نے اپنا فیصلہ کیا، ہمارے کسی ادارے کو تھریٹ موصول نہیں ہوا۔ ہم نے نیوزی لینڈ ٹیم کو بہترین سکیورٹی دی، یہ دورہو سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خطے میں امن کی کاوشوں کے خلاف دستانے پہنے ہوئے ہاتھوں نے سازش کی، وہ ہمیں قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے دونوں بارڈر محفوظ ہیں۔ بھارت کی سوئی پاکستان پر پھنسی ہوئی ہے۔ پاکستان میں ہر حال میں امن قائم رہے گا۔صحافی کی طرف سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ استعفی دیں گے؟ اس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کوئی عقل کی بات کرو۔ جس کی بھی سازش ہے نام لینا مناسب نہیں۔ یہ وزارت داخلہ کی ناکامی نہیں ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم انہی باتوں پر غور کر رہی ہے، انگلینڈ کی ٹیم کو خوش آمدید کہیں گے۔ انگلینڈ ٹیم 24 گھنٹے میں فیصلہ کرے گی۔ برطانوی ٹیم کے لیے انتظامات مکمل ہیں، فیصلہ انگلینڈ نے کرنا ہے۔افغانستان کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انسانی ہمدردی کے باعث افغانیوں کی مدد کر رہے ہیں، کوئی سمجھتا ہے کہ افغانستان کی حکومت فورا سب کو کچھ ٹھیک کر دے گی تو وہ خوابوں میں رہتے ہیں۔ افغان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے۔دوسری طرف نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان کو منسوخ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے آئی سی سی میں جانے کا اعلان کیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں رمیز راجہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے فیصلے سے بہت مایوسی ہوئی ہے، مجھے فینز اور کھلاڑیوں کے لیے بہت افسوس ہوا۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے واپسی کا یکطرفہ فیصلہ کیا اور اس معاملے میں کچھ شیئرنہ کرنا بھی مایوس کن ہے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کو آئی سی سی میں دیکھیں گے۔دوسری جانب اس حوالے سے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا ہیکہ سیریز نہ ہونے پر سب کو کتنا افسوس ہے اس بات کا مکمل اندازہ ہے لیکن کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتی ہوں۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے کھلاڑیوں کا تحفظ سب سے اہم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker