اہم خبریںپاکستان

الزامات پر فواد چودھری ، اعظم سواتی ثبوت دیں ، الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری ،نادرا سے بھی ٹاکرا

اسلام آباد،الیکشن کمیشن نے الزامات کے بعد وفاقی وزرا فواد چودھری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے الزامات پر ثبوت مانگ لئے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر ریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر الزامات عائد کیے تھے جس پر الیکشن کمیشن نے دونوں وزرا سے الزامات کے ثبوت مانگتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کردیے ہیں۔وفاقی وزرا کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفراقبال ملک نے کی۔ذرائع کے مطابق پیمرا نے الیکشن کمیشن کو وفاقی وزرا کے الزامات والے کلپس بھجوائے جن کا اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔واضح رہے کہ 10 ستمبر کو وزیرِ ریلوے اعظم سواتی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر الیکشن کمیشن پر برس پڑے تھے، انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، آپ جہنم میں جائیں، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔بعد ازاں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹر بن گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو سیاست کرنی ہے تو استعفی دے کر عہدہ چھوڑیں اور الیکشن لڑیں، چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ماوتھ پیس بن گئے ہیں ، وہ نواز شریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام نے وفاقی وزرا کے الزامات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، اس پر الزامات بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں۔دوسری طرف الیکشن کمیشن نے چئیرمین نادرا طارق ملک کو جوابی خط لکھتے ہوئے کہا کہ نادرا کی جانب سے اختیار کیے گئے لہجے پر مایوسی کا اظہار کرتا ہے۔ الیکشن انعقاد کے لیے کسی نئے طریقہ کار پر عملدرآمد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نادرا کے خط کے لہجے سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ الیکشن کمیشن نادرا کا ماتحت ادارہ ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ایسا تاثر ملتا ہے کہ نادرا الیکشن کمیشن کو حکم دے رہا ہے، نادرا الیکشن کمیشن سے ائی ووٹنگ کیلئے 2اعشاریہ 4ارب روپے کا نیا معاہدہ کرنا چاہتا ہے، نادرا پہلے بتائے کہ اس نے آئی ووٹنگ کا سابق منصوبہ کیوں چھوڑا جس پر 6 کروڑ 65 لاکھ روپے خرچ ہو چکے تھے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اگر موجودہ نظام میں کوئی خامیاں تھی تو ا سکا ذمہ دار کون ہے، کیا کسی پر ذمہ داری کا تعین کیا گیا، نادرا نے الیکشن کمیشن کو کہا تھا کہ وہ آئی ووٹنگ کے حوالے سے نادرا کے مجوزہ نظام پر مثبت پیش رفت کرے۔واضح رہے کہ نادرانے آئی ووٹنگ کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ 2 اعشاریہ 4 ارب روپے کے معاہدے کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔نادرا کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ آئی ووٹنگ کے لیے 2اعشاریہ 4ارب روپے کا نیا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن آئی ووٹنگ سے متعلق نادرا کے مجوزہ نظام پر مثبت پیشرفت کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker