
اسلام آباد،ادارہ تحفظ ماحولیات (پاک ای پی اے) کی طرف سے سپریم کورٹ ایمپلائز کو آپریٹو ہائوسنگ سکیم کے ماحولیاتی اثرات سے متعلق عوامی سماعت کا انعقاد ، عوامی سماعت میں مذکورہ ہاوسنگ سکیم کے نمائندے کی طرف سے منصوبے کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سکیم سیکٹر G-17/1-2 کی منصوبہ بندی اور ترقی کے ماحولیاتی اثرات کے حوالے سے عوامی سماعت رائل ایگزیکٹو مارکی H-13 میں منعقد ہوئی ۔عوامی سماعت میں تجویز کنندہ کے نمائندے نے منصوبے کے مختلف پہلو پیش کیے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد سپریم کورٹ کے ملازمین کے لیے تجارتی اور کارپوریٹ مواقع کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو بھی پائیدار رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔بریفنگ کے اختتام پر ڈائریکٹر ادارہ تحفظ ماحولیات احسن رفیع کیانی نے اپنی تجاویز دیں اور سامعین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے خدشات بھی بتائیں۔ڈی جی ای پی اے فرزانہ الطاف شاہ کے مطابق عوامی سماعت ماحولیاتی اثرات کی تشخیص کے عمل کا ایک اہم حصہ ہے جو عوام اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے خدشات اور شکایات کو سننے اور ان کا جواب دینے کیلئے منعقد کی جاتی ہے ،ادارہ تحفظ ماحولیات اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کوئی بھی منصوبہ ماحولیاتی منظوری کے بغیر شروع نہ ہو سکے۔