/>گلگت (آئی پی ایس )گلگت بلتستان کے سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں پر تقرریوں کے ذمہ دار کرئیر ٹیسٹنگ سروس (سی ٹی ایس پی) نامی ادارے کا عجیب میرٹ پالیسی، محکمہ تعلیم کے تحت ضلع غذر کے درکوت غاسوم نامی گاوں میں ہارڑ ایریا کے لئے مختص اسامی پر امیدواروں کی حتمی فہرست سے ہٹ کر غیر مقامی امیدوار کو ٹیسٹ میں پہلے نمبر ظاہر کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کے زیر نگرانی گزشتہ برس مختلف علاقوں میں واقع سکولوں کے لئے اساتذہ کی خالی آسامیاں سی ٹی ایس پی نامی ادارے کے ذریعے مشتہر کی گئیں جن میں سے ضلع غذر کے گاوں درکوت غاسوم ہارڑ ایریا کے لئے بھی ایک اسامی مختص کی گئی تھی جس کے لئے متعلقہ علاقے کے کل دس امیدواروں کی حتمی فہرست سی ٹی ایس پی کی ویب سائٹ پر آویزاں کی گئی اور اس مطابق تحریری امتحان لیا گیا جبکہ رزلٹ کے وقت سی ٹی ایس پی کی ویب سائٹ پر ایک غیر مقامی خاتون کو میرٹ لسٹ میں پہلے پر ظاہر کرکے دکھایا گیا ہے۔ اس ایشو پر نہ صرف متعلقہ امیدواروں بلکہ عمائدین درکوت میں بھی سخت تشویش پائی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہارڑ ایریا کے لئے مختص اسامی پر صرف اسی گاوں کے امیدوار ہی درخواست دے سکتے تھے لیکن سی ٹی ایس پی کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست میں نام نہ ہونے کے باوجود ایک غیر مقامی امیدوار کو پہلے نمبر پر لانا نہ صرف خلاف قانون بلکہ ٹیسٹ کے نتائج میں مبینہ دھاندلی کی ایک کوشش ہے جوکہ مقامی لوگوں کے لئے کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی درکوت غاسوم ہارڑ ایریا کے نام پر متعدد غیر مقامی اساتذہ بھرتی کئے گئے جوکہ بعد ازاں ذاتی اثر و رسوخ اور مل ملاب کے ذریعے اپنے من پسند سکولوں میں تعینات رہے جس کی وجہ سے علاقے میں تعلیمی نظام بری طرح متاثر رہا۔ اس بار اگر درکوت غاسوم ہارڑ ایریا کے لئے مختص اسامی پر کسی غیر مقامی امیدوار کو کھپانے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ تعلیم گلگت بلتستان پر عائد ہوگی۔