شمالی کوریا نے بدھ کے روز دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔ پیانگ یانگ نے دو روز قبل بھی ایک کروز میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ اِس وقت اس کے اتحادی ملک چین کے وزیر خارجہ جنوبی کوریا کے اپنے ہم منصب سے بات چیت کررہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آ ف اسٹاف نے بتایا کہ شمالی کوریا نے پیر کے روز طویل دوری تک مار کرنے والے کروز میزائل کے تجربے کے بعد آج بدھ کو دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔ جاپان کے کوسٹ گارڈ نے بھی کہا کہ ایک ایسی شے جو کہ بیلسٹک میزائل ہوسکتی ہے، شمالی کوریا سے داغی گئی اور اس کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر جاکر گر گئی۔جاپانی وزیر اعظم یوشی ہیڈے سوگا نے میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ‘شرمناک قرار دیا۔ سوگا اور جنوبی کوریا کے صدر مون جائی نے اس تازہ ترین پیش رفت پر غوروخوض کے لیے اپنے اپنے ملکوں میں قومی سلامتی کونسل کے اجلاس طلب کرلیے ہیں۔شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ ایسے وقت کیا ہے جب اس کے اتحادی ملک چین کے وزیر خارجہ وانگ وی جنوبی کوریا کے اپنے ہم منصب کے ساتھ سیئول میں بات چیت کررہے ہیں۔چین اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ، شمالی کوریاکی جانب سے حالیہ دنوں کیے جانے والے میزائل تجربات کے مضمرات کے علاوہ پیانگ یانگ اور واشنگٹن کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے مسئلے پر تعطل کے شکار مذاکرات کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کریں گے۔اگر اس بات کی تصدیق ہوجاتی ہے کہ شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے تو یہ اس سال مارچ کے بعد بیلسٹک میزائل کا ایسا پہلا تجربہ ہوگا جوکہ اقوام متحدہ کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کی مزید خلاف ورزی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل شمالی کوریا کی جانب سے جوہری صلاحیت سے لیس پہلا ہتھیار ہوگا۔ پیانگ یانگ نے گزشتہ ہفتے طویل دوری تک مار کرنے والے کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا اور اسے انتہائی اہمیت کا حامل ایک اسٹریٹیجک ہتھیار” قرار دیا تھا۔شمالی کوریا کے مطابق یہ کروز میزائل نیوکلیائی وار ہیڈ سے آراستہ ہیں۔ یہ کروز میزائل پندرہ سو کلومیٹر کی دوری تک مار کرسکتے ہیں۔ اس طرح یہ شمالی کوریا سے پورے جاپان اور وہاں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Related Articles
امریکہ ہانگ کانگ کے معاملات اور چین کے داخلی امور میں مداخلت بند کرے، ہانگ کانگ میں چینی وزارت خارجہ کے کمشنر دفتر کا بیان
اتوار, 22 دسمبر, 2024
شام وسیع پیمانے پر پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا متحمل نہیں ہو سکتا ، بین الاقوامی تنظیموں کا انتباہ
اتوار, 22 دسمبر, 2024
چین کی امریکہ کی جانب سے چین کے تائیوان علاقے کو ہتھیاروں کی فروخت کی شدید مخالفت
اتوار, 22 دسمبر, 2024