اہم خبریںپاکستان

پی اے آرسی کو فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں،چیئر مین پی اے آرسی

اسلام آباد،پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے زرعی سائنسدانوں کی ایسو سی ایشن پی اے آر سی سائنٹسٹ پینل کی حلف برداری تقریب کاانعقاد قومی زرعی تحقیقاتی مرکز اسلام آباد میں ہوا۔
تقریب سے مہمان خصوصی سید فخر امام وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق تھے۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد عظیم خان چیئر مین پی اے آرسی ، پی اے آرسی کے ٹیکنیکل ممبران، سید شمیم السبطین شاہ ڈی جی این اے آرسی اور زرعی سائنسدانوں نے شرکت کی۔ حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید فخرامام وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ابتداہی سے زراعت کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے کیونکہ ملک کی 70فی صد آبادی کا انحصار زراعت پر ہے اور 45فی صد لوگوں کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے نیز جی ڈی پی میں زراعت کا اہم کردار ہے۔ ہماری حکومت نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کے ترقیاتی بجٹ کو ایک ارب سے بڑھا کر 30ارب کر دیا ہے ، اس کے علاوہ وزیر اعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم ، گنے ، دالیں ، چاول اور تیلدار اجناس کی فی من پیداوار کو ملکی ضروریات کے مطابق بڑھانے اور ملک کو زرعی اجناس میں خود کفیل کرنے کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں۔ زراعت کی بہتری کے لئے دیگر اہم اقدامات میں ہائبرڈ سیڈ ٹیکنالوجی ، جینیٹک انجنیئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ، آبی ذخائر ، چراگاہوں اور دیگر زرعی ذخائر کا تحفظ، زیادہ دودھ اور زیادہ گوشت پیدا کرنے والے جانوروں کی جدید طریقوں سے افزائش نسل کرنے اور زرعی سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھانے کے لئے زیادہ سے زیادہ قومی اور بین الاقوامی تربیت کے مواقع فراہم کرنا شامل ہیں۔اس کے علاوہ ملک کے زرعی تحقیقی اداروں کی بہتری کے لئے فنڈ ز کی مستقبل بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے نیز ان کی کوشش ہے کہ پی اے آرسی کی ملازمین کی پنشن ایس پی ایس سکیل پر دی جائے اور سائنسدانوں کے ساتھ ٹیکنیکل کیڈر کو بھی ٹیکنیکل الانس دیا جائے۔ڈاکٹر محمد عظیم خان چیئر مین پی اے آرسی نے حلف برداری تقریب کے شرکاسے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ان سائنسدانوں کی محنت کی وجہ سے پاکستان اب گندم ، چاول گنے ، مکئی وغیرہ جیسی بڑی غذائی اشیامیں خود کفیل ہے ، چیئرمین پی اے آر سی نے تقریب کے لیے اپنا قیمتی وقت نکالنے پر معززین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ سائنسدان پاکستان میں زرعی شعبے کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ انہوں نے معزز مہمانوں کو پی اے آر سی کے موجودہ بجٹ خسارے کے بارے میں بھی بتایا اور اس کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ عزیز اللہ شاہ نئے منتخب صدر نے اس موقع پر کہا کہ الیکشن میں کامیابی پر وہ اللہ کے شکر گزار ہیں۔ ان کے ایسوسی ایشن ادارے کی ترقی کے لئے دن رات کام کرے گی ۔ زرعی سائنسدانوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے ان کی ایسو سی ایشن ہر ممکن اقدام کرے گے اور سائنسدانوں کے تمام مسائل کو ہر فورم پر اٹھائینگے ۔ انہوں نے وفاقی وزیر سے پی اے آرسی کے نان آفیشل ممبران کی کیبنٹ سے منظوری ، پی اے آرسی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے مستقل ممبران کی منظوری اور پی اے آرسی کے فنڈز کی مستقل بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker