اسلام آباد،وزیر اعلی گلگت بلتستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام نبی نے کہا ہے کہ جیسے جیسے گلگت بلتستان کے عبوری صوبہ بننے کی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں ویسے ویسے اپوزیشن کی بوکھلاہٹ میں زبردست اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
وزیر ا علی گلگت بلتستان عبوری صوبے کے لیے دن رات متحرک ہیں اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈر زسے رابطے میں ہیں۔ عبوری صوبہ گلگت بلتستان کے عوام کی دیرینہ خواہش کے ساتھ ساتھ انتخابات میں تحریک انصاف کا وعدہ تھا جو وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان کی خصوصی دلچسپی سے پورا ہونے جا رہا ہے۔ گلگت بلتستان کی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جسکے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں علاقے کی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے خاطر خواہ فنڈز رکھے گئے ہیں۔ صحت، تعلیم، سیاحت، جنگلات اور دیگر اداروں میں افرادی قوت کی شدید کمی کو دور کرنے کیلئے آسامیوں کی منظوری آخری مراحل میں ہے جس کے بعد گلگت بلتستان کے تمام اداروں کی کارکردگی میں زبردست اضافہ ہو گا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔