اہم خبریںپاکستان

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات،پی ٹی آئی 62، ن لیگ 54، آزادامیدوار51 نشستوں پر کامیاب،راولپنڈی ،لاہور ، ملتان میں شیر کی دھاڑ

اسلام آباد /راولپنڈی /لاہور/ملتان/کراچی/پشاور/کوئٹہ ،ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں 219میں سے 205 وارڈز کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 62 وارڈز ، ن لیگ 54، آزادامیدوار 51 نشستوںپر کامیاب ہو گئے، پیپلزپارٹی کے17، متحدہ قومی موومنٹ کے 10، جماعت اسلامی کے 5، بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے 2، 2 امیدوار کامیا ب قرار پائے ہیں ، تحریک انصاف کا راولپنڈی لاہور اور ملتان میں صفایا ہوگیا،اوکاڑہ کے پانچ میں سے چار وارڈ میں آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، پنجاب میں ن لیگ ، پی ٹی آئی کو سندھ اور کے پی میں برتری حاصل ہو گئی ۔
ملک کے 41کنٹونمنٹ بورڈز کے 205 وارڈز میں 1569 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا جبکہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔ 7 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں، کامرہ کے 5 میں سے 4 وارڈز میں حلقہ بندی کے تنازع کے باعث الیکشن نہیں ہوا جب کہ راولپنڈی اور پنوں عاقل کے ایک ایک وارڈ میں بھی امیدواروں کے انتقال کیباعث انتخاب ملتوی کردیئے گئے۔پنجاب میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری ہے اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن 44 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔آزاد امیدوار 31 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور تحریک انصاف 27 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔لاہور اور راولپنڈی میں تحریک انصاف کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔لاہور میں والٹن اور لاہور کینٹ مسلم لیگ ن نے جیت لیے جبکہ چکلالہ کینٹ میں بھی پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست ہوئی۔ واہ کینٹ میں مسلم لیگ ن نے 10 میں سے 8 نشستیں جیت کر تحریک انصاف کو بڑا دھچکا پہنچایا۔وہیں گوجرانوالا میں تحریک انصاف نے 10 میں سے 6 نشستیں جیت کر مسلم لیگ ن کو مات دی، اس کے علاوہ بہاولپور، جہلم اور کھاریاں میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ ملتان کینٹ کی 10 میں سے 9 نشستیں آزاد امیدوار لے اڑے۔صوبہ خیبرپختونخوا میں کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام 37 وارڈ کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 18، آزاد امیدوار 9، مسلم لیگ ن 5، پیپلزپارٹی 3 اور عوامی نیشنل پارٹی 2 وارڈ میں کامیاب ہوئی۔لاہور میں مسلسل تین روز سے ہونے والی بارش کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے کچھ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا جبکہ ملتان میں وارڈ نمبر 4 کے پولنگ اسٹیشن پر دوبار جھگڑا ہونے کے باعث پولنگ کا عمل عارضی طور پر روکا گیا۔ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے لیے پولنگ کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ۔الیکشن کمیشن کی طرف سے صوبائی حکومتوں کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ پریزائیڈنگ افسران گنتی کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر نتائج کا اعلان کریں گے، تمام پولنگ ایجنٹس اور امیدوار نتیجے کی کاپی پریزائیڈنگ افسران سے حاصل کریں گے۔کنٹونمنٹ بورڈزکے الیکشن میں ملک بھر سے 684 آزاد امیدوار میدان میں تھے جبکہ سیاسی جماعتوں کے بھی 876 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔سب سے زیادہ تعداد پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی تھی جو 183 ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کے144،پاکستان پیپلز پارٹی کے 113 اور جماعت اسلامی کے 104 امیدوار میدان میں تھے۔کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 83، متحدہ قومی موومنٹ کے 42، پاک سرزمین پارٹی کے35، مسلم لیگ ق کے 34 اور جے یو آئی کے 25 امیدواروں نے بھی الیکشن میں حصہ لیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق اپنے وارڈ سے کامیاب ہونے والا امیدوار ممبر کنٹونمنٹ بورڈ کا ممبر بنے گا، نو منتخب کنٹونمنٹ بورڈ کے ممبران نائب صدر کا انتخاب کریں گے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کا سربراہ اسٹیشن کمانڈر ہوتا ہے، نائب صدر اور ممبرز اسی کے ماتحت کام کرتے ہیں۔دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات سے ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف وفاق کی واحد جماعت ہے جس کا ملک بھر میں ووٹ بینک ہے۔اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ اصل مقابلہ آزاد امیدواروں سے ہوا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حیثیت پھر آشکار ہو گئی۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں عوام کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرنے پر اظہار تشکر کرتا ہوں، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے جو کامیابی مل رہی ہے عوام کا مسلم لیگ(ن)پر بھروسے اور یقین کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیاب امیدواروں کو مبارک دیتا ہوں، ٹیم پی ایم ایل این، کارکنان، سپورٹرز اور ووٹرز کو خراجِ تحسین اور مبارک پیش کرتا ہوں، ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی امیدوں اور توقعات پر پورا اتریں گے، ہم پوری محنت، منصوبہ بندی اور جذبے سے عوام کی خدمت کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker