اہم خبریںعلاقائی

عروجِ سخن فورم کی جانب سے ڈاکٹر انصار حسین مدنی کے دولت کدے پر یومِ انگور کے سلسلے میں محفلِ مسالمہ کا انعقاد

گلگت ،عروجِ سخن فورم گلگت بلتستان کی جانب سے ڈاکٹر انصار حسین مدنی کے دولت کدے پر ساتواں سالانہ ” یومِ انگور ” کے سلسلے میں محفلِ مسالمہ منعقد کیا گیا۔
محفل کا آغاز 4 بجے ہوا جس میں حلقہ اربابِ ذوق گلگت کے شعرا اور دیگر اہلِ علم نے شرکت کی۔ حلقہ اربابِ ذوق گلگت کے صدر محمد امین ضیا، سینئر نائب صدر عبدالخالق تاج خرابی۔ صحت کی وجہ سے اسلام آباد میں تھے اس لئے اس محفل میں شریک نہیں ہوسکے جبکہ خوشی محمد طارق اپنے آبائی گاں گئے تھے وہ بھی غیر حاضر رہے۔ اس مختصر مگر بارونق مجلس کی صدارت گلگت بلتستان کے ہردلعزیز شاعر و جنرل سکریٹری حاذ جمشید خان دکھی نے کی۔ کراچی آئے مہمان محمد جہانگیر ملک میر محفل تھے اور نظامت کے فرائض حلق ارباب ذوق گلگت کے سکریٹری خزانہ و سینئر شاعر جناب غلام عباس نسیم نے سرانجام دئیے۔ جن شعرا نے اپنا کلام پیش کیا ان میں جناب جمشید خان دکھی, جناب غلام عباس نسیم, جناب عبدالبشیر بشیر ، جناب حسین علی خان، جناب امجد ساغر، کراچی سے( آن لائن) جناب مبشر میر شامل تھے۔ گلگت بلتستان کے نثری ادب کا معتبر حوالہ جناب احمد سلیم سلیمی نے بھی مجلس میں خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ نوجوان نعت خواں جناب شہاب الدین غوری نے عزیز الرحمن ملنگی کا کلام ترنم میں سنا کر خوب داد اصول کی۔ شینا زبان کے محقیق جناب امیر حیدر, نوجوان لکھاری نیاز نیازی سیمت دیگر میڈیا کے نمائندے بھی اس پروقار محفل میں شامل تھے۔ محرم الحرام کی مناسبت سے امسال یومِ انگور نہایت سادگی سے منایا گیا اور اس محفلِ مسالمہ میں شعرا حضرات نے واقعہ کربلا کے حوالے سے امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی قربانی کو خوب سراہا۔ احمد سلیم سلیمی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے بتایا کہ گلگت میں اس طرح کی محفلیں ہمیں آپس میں مل بیٹھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں اور آپس میں پیار محبت اور بھائی چارگی پیدا کرنے کا واحد ذریعہ بھی ہے دشمن ہمیں ترقی کرنے نہیں دیتا اور مذہب کے نام پر گلگت بلتستان کے باسیوں میں نفرت پھیلانے کی کوشش کرتا ہے بدلتے ہوئے بین الاقوامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں آپس میں اتحاد پیدا کرنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ اس تقریب کے میر مجلس کراچی سے آئے ہوئے مہمان جناب محمد جہانگیر ملک نے ڈاکٹر انصار مدنی صاحب کی اس کاوش کو خوب سراہا اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یومِ انگور کو گذشتہ کئی سالوں سے تسلسل کے ساتھ منانے پر انہیں مبارکبادی بھی دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یومِ انگور کے میزبان اور عروجِ سخن فورم گلگت بلتستان کے سرپرست جناب ڈاکٹر انصار مدنی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ساتھ اگلے سال نومل گلگت میں اپنے دولت کدے پر یومِ انگور منانے کا اعلان بھی کیا۔ اس محفل کے اختتام پر نوجوان شاعر جناب جعفر حیسن عاجز کے بڑے بھائی فاضل حسین، سابق صدر گلگت آرٹس اینڈ کلچرل کونسل مرتضی جعفری، ڈاکٹر ممتاز اور دیگر تمام مرحومین کے حق میں فاتحہ خوانی کی گئی۔ ڈاکٹر انصار مدنی صاحب نے شرکا محفل کیلیے تازہ انگور کے ساتھ شاندار ضیافت کا اہتمام بھی کیا تھا اسی طرح یہ بارونق محفل شام چھ بجے اختتام پذیر ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker