اسلام آباد، پاکستان بھر میں کنٹونمنٹ بورڈزکے انتخابات کل ہوں گے، ملک کے41 کنٹونمنٹ بورڈز کے 206 وارڈز میں 1560 امیدوار میدان میں ہیں۔
کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں حصہ لینے والے 7 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ کامرہ کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخاب نہیں ہو رہا،راولپنڈی اورپنوں عاقل کے ایک ایک وارڈ میں بھی انتخاب ملتوی ہوچکا ہے۔کنٹونمنٹ بورڈزکے الیکشن میں سب سے زیادہ تعداد آزاد امیدواروں کی ہے ، ملک بھر سے 684 آزادامیدوار میدان میں ہیں، سیاسی جماعتوں کے 876 امیدوار میدان میں ہیں۔سب سے زیادہ تعداد پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی ہے جو 183 ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کے144،پاکستان پیپلز پارٹی کے 113 اور جماعت اسلامی کے 104 امیدوار میدان میں ہیں ۔کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 83 امیدوار بھی الیکشن لڑ رہے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ کے 42، پاک سرزمین پارٹی کے35،مسلم لیگ ق کے 34 اور جے یو آئی ف کے 25 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کے لیے انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انتخابات میں 21 لاکھ 97 ہزار 741 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، مرد ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 54 ہزار 551 ہے جب کہ 10 لاکھ 43 ہزار 190 خواتین اپنا ووٹ کاسٹ کریں گی۔ سیکیورٹی کے لئے پولنگ اسٹیشنز کی حدود میں پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی موجود ہوں گے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں، الیکشن کمیشن انتخابات کی موثر نگرانی کے لئے سیکرٹریٹ میں کمپلینٹ سینٹر قائم کر دیا ہے۔واضح رہے کہ اپنے وارڈ سے کامیاب ہونے والا امیدوار ممبر کنٹونمنٹ بورڈ بنے گا، نومنتخب کنٹونمنٹ بورڈ کے ممبران وائس پریذیڈنٹ کا انتخاب کریں گے جب کہ کنٹونمنٹ بورڈ کا سربراہ اسٹیشن کمانڈر ہوتا ہے، وائس پریزیڈنٹ اور ممبران اس کے ماتحت کام کرتے ہیں۔