اسلام آباد، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں بروقت انٹرا پارٹی انتخابات کروائیں۔
الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ سیاسی جماعتیں بروقت پارٹی الیکشن نہیں کراتیں ۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بروقت پارٹی الیکشن نہ کرانا قانون اور جماعتی دستور کی خلاف ورزی ہے، وقت گزرنے پر الیکشن کمیشن سے مہلت لینے کی درخواستیں کی جاتی ہیں ، تمام سیاسی جماعتیں اپنے مقررہ وقت کے اندر انٹراپارٹی انتخابات کو یقینی بنائیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں الیکشن ایکٹ کی سیکشن 208 کے تحت اپنے پارٹی آئین کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات کی پابند ہیں، ہرسیاسی جماعت پانچ سال کے اندر انٹراپارٹی انتخابات کرانے کی پابند ہے۔