اسلام آباد،سملی ڈیم میں پانی کی سطح میں گزشتہ دو دنوں کی بارشوں سے 15.20 فٹ سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،سملی ڈیم میں پانی کی سطح کئی روز سے مسلسل بڑھ رہی ہے اور گزشتہ ہفتے سے سملی ڈیم میں 991.18 ایم جی ڈی سے زیادہ پانی شامل ہوا، جبکہ حالیہ بارشوں کے بعد ٹوٹل ان فلو 1063 ایم جی ڈی ہے ۔
مزید برآں سی ڈی اے کے شعبہ واٹر سپلائی کے مطابق پانی کی معقول مقدار اب دستیاب ہے اور پانی کے بحران میں کافی حد تک کمی آ ئی ہے ،اس ضمن میں کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا شعبہ واٹر سپلائی پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے طویل المدت، درمیانی مدت اور مختصر المدت کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں 30 نئے کنویں اور درمیانی مدت کے دو چھوٹے ڈیم شامل ہیں علاوہ ازیں سی ڈی اے کے شعبہ واٹر سپلائی نے شہریوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور اسکے ضیاع سے اجتناب کریں، تاکہ زیادہ سے زیادہ پانی شہریوں کے استعمال میں لایا جاسکے۔