اہم خبریںپاکستان

سوشل میڈیا پر فیک نیوز بہت بڑا چیلنج ہے، چوہدری فواد حسین

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز بہت بڑا چیلنج ہے، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل میں فیک نیوز اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے علاوہ کسی بھی قسم کی ترمیم کے لئے تیار ہیں، حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی واحد حکومت ہے جس نے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے قدم اٹھایا، پی ایم ڈی اے کے بارے میں تحفظات دور کئے جائیں گے، حکومت کو میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت میڈیا کو ڈیل کرنے والے تمام قوانین ڈیجیٹل میڈیا کے انقلاب سے پہلے تیار ہوئے، پیمرا کا قانون 2002میں اس وقت بنا جب ڈیجیٹل میڈیا موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ سات ریگولیٹری باڈیز میڈیا اداروں کو چلا رہی ہیں جن میں پیمرا، پریس کونسل آف پاکستان، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی، سینٹرل بورڈ آف فلمز سینسرز، پریس رجسٹرار آفس، آڈٹ بیورو آف سرکولیشن اور امپلی منٹیشن ٹربیونل برائے نیوز پیپرز ایمپلائیز شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز بہت بڑا چیلنج ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا تقریبا 150 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا، ہم نے 80 ہزار جانیں گنوائیں، اس کے باوجود ہم ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل میں فیک نیوز اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے علاوہ ہم کسی بھی قسم کی ترمیم کے لئے تیار ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے لئے ہم نے پانچ ممالک کے قوانین کو اسٹڈی کیا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ میڈیا ورکرز سے فورسڈ لیبر کی طرح کام کروایا جا رہا ہے جبکہ انہیں کنٹریکٹ تک نہیں دیا جاتا۔ ڈی ایس این جی کے ڈرائیورز اور این ایل ایز کے پاس اپنے مسائل کے حل کے لئے کوئی راستہ موجود نہیں، ہم نے میڈیا اداروں کو 75 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنے ورکرز کو تنخواہیں ادا نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیراعظم کی نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں صحافیوں کو پلاٹ فراہم کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر آر آئی یو جے کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات پر اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات وفد کے مسائل غور سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ آر آئی یو جے کے وفد میں صدر شکیل احمد، جنرل سیکریٹری صدیق انظر، نائب صدور منیبہ افتخار،صدر ویمن جرنلسٹس پروٹیکشن فورم فرحت فاطمہ،رانا رضوان، عثمان خان، جوائنٹ سیکریٹریز اظہر شریف، عمر جٹ، شازیہ طاہر، فائنانس سیکریٹری ایاز اکبر، ایگزیکٹو ممبران عثمان مغل، زبیر خان، ناصر عباس، عثمان ملک، سید یاسین ہاشمی شامل تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker