اسلام آباد( لیڈی رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچیسن کالج کے اشتراک سے کرکٹ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کردیا ہے، جس کے مطابق پی سی بی کے پاتھ ویز ایونٹ کا حصہ بننے والے تین بہترین کھلاڑیوں کو ہر سال کرکٹ اسکالرشپ سے نواز اجائے گا۔مقررہ معیار کے مطابق ، پی سی بی ہر سال تین باصلاحیت اور مستحق کھلاڑیوں کی شناخت کرے گا۔ اس میں وہ بھی شامل ہوں گے جو کرکٹ اسکالرشپ کی صورت میں پی سی بی کی جانب سے مکمل مالی تعاون کے بغیر اسکول نہیں جاسکتے۔ ایچیسن کالج ان نوجوان کھلاڑیوں کو ساتویں سے نویں جماعت میں داخلہ دے گا۔ منتخب کردہ ہر کھلاڑی کالج میں داخلے کے لیے کم از کم تعلیمی معیار پر پورا اترے گا۔اس پروگرام کے تحت جن کھلاڑیوں کے اہلخانہ اعلی معیار کی تعلیم کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتے تو ان کی ذمہ داری پی سی بی اٹھائے گا جبکہ یہ نوجوان کھلاڑی اعلی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ مختلف سطح پر ایچیسن کالج کی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی بھی کریں گے ۔ یہ کھلاڑی پی سی بی کے زیر انتظام منعقدہ ایونٹس میں اپنی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کے لیے بھی دستیاب رہیں گے۔دوسری طرف نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر ان نوجوانوں کی کرکٹ کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گاتاکہ وہ اعلی معیار کے کھلاڑ ی بن سکیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی-ایچیسن کالج کرکٹ اسکالرشپ ایک شاندار پروگرام ہے۔ ایچیسن کالج کا ایک اپنا تاریخی پس منظر ہے۔ اس تعلیمی ادارے نے بہت سے نامور کرکٹرز پیدا کیے ہیں اور اس کی سب سے بڑی مثال موجودہ وزیراعظم اور پی سی بی کے پیٹرن عمران خان ہیں۔ اس اسکالرشپ کے ذریعے ہم باصلاحیت اورنوجوان کھلاڑیوں کو اعلی معیار کی تعلیم سے آراستہ کرسکتے ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد مستقبل کیلئے باصلاحیت کرکٹرز تیار کرنا اور انہیں کرکٹ کے ممکنہ لیڈر بنانا ہے ۔ پی سی بی اور ایچی سن کالج نے کرکٹ اسکالرشپ پروگرام کے لییمقررہ اہلیت کے معیار پر اتفاق کررکھا ہے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والا 14 سالہ احمد حسین ، اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ علی حسنین اور پشاور سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ عثمان خان۔احمد حسنین نے انڈر 13 اور 16 مقابلوں میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب 283 اور 100 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے بالترتیب 11 اور 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ علی حسنین نے سدرن پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے انڈر 13 ایونٹ میں 274 رنز بنائے۔ عثمان خان نے خیبرپختونخوا انڈر 13 کی طرف سے کھیلتے ہوئے 172 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
Related Articles
زمبابوے حکومت کی "زمبابوے اوپن فار بزنس” کے فروغ کے لئے ٹی 10 گلوبل سے شراکت داری
جمعرات, 21 نومبر, 2024