کراچی(آئی پی ایس )پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین عمر شریف نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کا علاج امریکا سے کرائیں کیونکہ وہاں ہیلتھ کی بہتر سہولتیں موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈی اداکارعمر شریف نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں اپیل کی کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مجھے بہتر علاج معالجے کیلئے بیرون ملک جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری قسمت میں جتنا لکھا تھا میں نے وزیراعظم عمران خان کے شوکت خانم ہسپتال بنانے میں مدد کی۔ اب ڈاکٹرز نے مجھے مشورہ دیا ہے کہ میرا بہتر علاج امریکا میں ہو سکتا ہے ۔لیجنڈ کامیڈین نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہو کر انھیں کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے جب بھی مجھے فون کیا، میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا، اس لئے مجھے یقین ہے کہ اب آپ بھی میری اپیل کو ضرور سنیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمر شریف کے انتقال کی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کے اہلخانہ نے سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بالکل خیریت ہیں۔ صارفین کو بغیر تصدیق کے ایسی نیوز کو آگے نہیں پھیلانا چاہیے۔سوشل میڈیا پر یہ جعلی خبریں اور ویڈیوز چلنا شروع ہو گئی تھیں کہ لیجنڈ کامیڈین کا انتقال ہو گیا ہے۔ان سوشل میڈیا پوسٹس میں ناصرف عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا بلکہ پاکستانیوں سے درخواست کی گئی کہ مرحوم کی مغفرت کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ان خبروں کے سامنے آتے ہی لوگوں نے بغیر تصدیق کئے انھیں آگے پھیلانا شروع کر دیا، جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے یہ پوسٹس وائرل ہو گئیں۔جس شخص نے بھی سوشل میڈیا پر یہ خبر پڑھی اس پر کمنٹس کرکے افسوس کا اظہار کیا اور اپنی پوسٹ پر شیئر کردیا۔ فیس بک کے ساتھ ساتھ یہی حال ٹویٹر صارفین کا بھی رہا، وہاں بھی دھڑا دھڑ اس افواہ اور جعلی خبر کو شیئر کیا جاتا رہا۔بعد ازاں عمر شریف کے اہلخانہ نے ان جھوٹی خبروں پر سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کیسے بغیر تصدیق کئے ایسی باتیں آگے پھیلانا شروع کر دیتے ہیں۔ لوگوں کے اس رویے سے ہمیں شدید دکھ پہنچا ہے۔
Related Articles
پی ٹی آئی احتجاج: مظاہرین کا مرچوں والے پانی اور پھینٹی سے استقبال کا منصوبہ
جمعرات, 21 نومبر, 2024
توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان کو اگلی سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت
جمعرات, 21 نومبر, 2024
آڈیوز لیک کیس؛ نیا کمیشن بنا تو یہ مقدمہ غیر مؤثر ہو جائے گا، جسٹس امین الدین
جمعرات, 21 نومبر, 2024