
اسلام آباد،اسلام آباد میں این سی اوسی ٹیم کا ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف سیکٹرز میں تعلیمی اداروں کا دورہ،ایس او پیز اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر پرائیویٹ سیکٹر کے متعدد سکول سیل کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی ) کی ٹیم نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران تعلیمی اداروں میں کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ این سی اوسی ٹیم نے متعلقہ علاقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ جی 15، جی الیون، ایچ ایٹ اور بارہ کہو کا دورہ کیا۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ز نے کورونا وبا کے حوالے سے واضح ہدایات کے باوجود تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے پر پرائیویٹ سیکٹرز کے سکولوں کو سیل کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پر ویلفیئر ٹرسٹ سکول کو جرمانہ عائد کیا۔ سول انتظامیہ نے بارہ کہو کا دورہ کیا اور ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنیوالے متعدد سکولوں کو سیل کر دیا۔ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پرمتعدد پرائیوٹ تعلیمی اداروں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔بڑے تعلیمی ادارے کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے گھروں سے آن لائن کلاسز کے ذریعے تعلیمی سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔