
اسلام آباد،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نئی سیاسی حکومت افغانستان میں امن ، سلامتی اور استحکام کے لیے مربوط کوششوں کو یقینی بنائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے افعانستان میں نئی طالبان حکومت کے قیام پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کابل میں عبوری سیاسی سیٹ اپ کے قیام کے بارے میں تازہ ترین اعلان نوٹ کیا ہے جو افغانستان کے لوگوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے گورننس ڈھانچے کی ضرورت کو پورا کرے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نئی سیاسی حکومت افغانستان میں امن ، سلامتی اور استحکام کے لیے مربوط کوششوں کو یقینی بنائے گی اور ساتھ ہی افغان عوام کی انسانی اور ترقیاتی ضروریات کا خیال رکھنے کے لیے کام کرے گی جبکہ پاکستان پرامن ، مستحکم ، خودمختار اور خوشحال افغانستان کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔دوسری طرف پاکستان کی طرف سے افغانستان کے لیے خوراک اور ادویات پر مبنی امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مشکل وقت میں افغان بھائیوں کی مدد جاری رکھے گا۔ اسی سلسلے میں افغانستان کو خصوصی امدادی سامان پر مشتمل تحفہ بھیجا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تین C 130 طیارے کچھ امدادی سامان لیکر افغانستان روانہ ہوچکے ہیں، جب کہ بقیہ امدادی سامان زمینی راستے سے بھیجا جائے گا۔اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی انسانی المیے سے بچنے کے لیے افغانستان کی مدد کی جائے۔