
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے روایتی اور اسٹریٹیجک ڈومینز میں بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کے عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر ہمسائیوں کے ساتھ اسٹریٹجک استحکام کو یقینی بنائے گا اور جوہری سلامتی اور جوہری عدم پھیلا ئوکے اقدامات کو بہتر بنانے کی عالمی کوششوں میں کردار ادا کرتا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا25واں اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا خارجہ امور، دفاع، خزانہ اور داخلہ، چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ کے سربراہان، ڈی جی انٹرسروسز انٹیلی جنس(آئی ایس آئی)سمیت این سی اے کے تمام ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کے اسٹریٹیجک اثاثوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے حفاظتی اقدامات پر مکمل اظہاراعتماد کرتے ہوئے دوبارہ اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر جوہری سلامتی اور جوہری عدم پھیلا ئوکے اقدامات کو بہتر بنانے کی عالمی کوششوں میں معنی خیز کردار ادا کرتا رہے گا۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کے اسٹریٹیجک اثاثوں کی جامع سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے روایتی اور اسٹریٹیجک ڈومینز میں بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا۔ شرکا نے ان پیش رفتوں کو امن اور سلامتی کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں داخل ہوئے بغیر خطے میں اسٹریٹجک استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔ اعلامیے کے مطابق این سی اے کو خطے میں تنازعات کے موجودہ حالات کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے قابل اعتماد کم سے کم ڈیٹرنس کی پالیسی کے مطابق فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو برقرار رکھنے کا اعادہ کیا اور اسٹریٹجک صلاحیتوں کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شرکا نے تربیت کے اعلی معیار اور اسٹریٹیجک فورسز کی آپریشنل تیاریوں، سائنسدانوں اور انجینئروں کی تعریف کی جن کی کوششوں سے پاکستان کو مطلوبہ مقاصد کے حصول میں کامیاب بنایا ہے۔