
اسلام آباد(آئی پی ایس )مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کو افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے،پاکستان کو افغانستان کے عوام کی مرضی کو تسلیم کرنا چاہیے،پاکستان کو اپنے نظریے اور فیصلے ان پر مسلط نہیں کرنے چاہییں،پاکستان کو افغانستان کی بحالی میں بین الاقوامی برادری کا ساتھ دینا چاہیے۔بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ حکومت کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے آچکا ہے، آمریت کیساتھ حکومت کو بھی ختم ہونا ہے، کب تک مخالفین کو نااہل کرواسکتے ہیں۔صحافی نے سوال کیا کہ چوہدری نثار کے مطابق پیپلز پارٹی اچھی سیاست کررہی ہے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ میں اس بات پر کوئی کمنٹ نہیں کرنا چاہتی، میں اس بات کو کمنٹ کے بھی قابل نہیں سمجھتی۔مریم نواز نے کہا کہ اس بینچ کے سامنے کیس کھولنا چاہتی ہوں، یہ چیز قوم کے سامنے رکھنا چاہتی ہوں، عوام کے سامنے کیس کا کٹھا چٹھا سامنے لانا چاہتی ہوں، عدالت نے وکیل کو تبدیل کرنے کی بھی اجازت دی ہے، جب سے امجد پرویز کو کرونا ہوا انکو کمر کی تکلیف ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ایک ہفتے میں دو مرتبہ سفر کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ جب الیکشن کا اعلان ہوگا تب ن لیگ اپنے وزیر اعظم کے نام کا اعلان کریگی۔شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں،شہبازشریف کوپارٹی وزیراعظم کیلئے نامزد کرتی ہے تو ہم انہیں سپورٹ کریں گے، پی ٹی آئی حکومت عوام کو ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئی، ملک میں تبدیلی ضرور آئے گی، جھوٹی اور جعلی تبدیلی سے عوام کی جان چھوٹے گی۔۔چیئرمین نیب کی مدت ملازمت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی مدت ملازمت کے حوالے سے معلوم نہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان عوام کے معاملے پر وہاں کی عوام کو دیکھنا ہے، افغانستان کے اندرونی معاملات میں دخل نہیں دینا چاہیے، افغان معاملے پر عالمی برادری سے مل کر کام کرنا چاہیے۔