
اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے لیے ڈریس کوڈ لاگو کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے لیے ڈریس کوڈ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ نوٹی فکیشن کے مطابق خواتین اساتذہ کے جینزاورٹائٹس پہننے پرپابندی عائد کردی گئی جبکہ مرد اساتذہ کے جینز اور ٹی شرٹ پہننے پربھی پابندی ہوگی۔ پردہ کرنے والی خواتین اساتذہ کو صاف ستھرا سکارف اور حجاب پہننے کی اجازت ہو گی، خواتین اساتذہ سینڈل اورسنیکرپہننے کی اجازت، سلیپر پہننے کی اجازت نہیں ہو گی۔وفاقی نظامت تعلیمات کے نوٹی فکیشن کے مطابق مرد اساتذہ کو سردیوں میں گرم چادر پہننے کی اجازت نہیں ہو گی،اساتذہ کو سردیوں میں خوبصورت رنگ اورڈیزائن کے سویٹر،کوٹ اورجرسی پہننے کی اجازت ہو گی۔مرد اساتذہ شلوار قمیض کے ساتھ ویسکوٹ پہنیں،جبکہ اساتذہ کلاس میں ٹیچنگ گان اور لیبارٹری میں لیب کوٹ پہنیں گے ۔وفاقی نظامت تعلیمات کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایریا ایجوکیشن افسران کو ڈریس کوڈ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔