اہم خبریںپاکستان

کوئٹہ میں فورسز کی گاڑی پر خود کش حملے میں 4اہلکار شہید، 20زخمی

کوئٹہ/اسلام آباد،مستونگ روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں4 اہلکار شہید اور 20 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ سونا خان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور20 زخمی ہو گئے، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق حملہ خودکش تھا جس میں موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے فورسز کی گاڑی سے خود کو ٹکرادیا، بی ڈی ایس ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ مستونگ روڈ پر خود کش دھماکے میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا جب کہ خودکش بمبار نے مکمل ریکی کرنے کے بعد خود کو فورسز کی گاڑی سے ٹکرایا تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا خودکش تھا، دھماکے کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے کوئٹہ میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ میری ہمدردیاں شہداکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں اور میں زخمیوں کی شفایابی کے لیے دعاگو ہوں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتوں کی ایما پر بننے والے دہشتگردی کے منصوبے خاک میں ملا کر ہمیں محفوظ بنانے والے محافظوں اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی کوئٹہ حملے کی مذمت کی، ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ جب ایف سی کے جوان ڈیوٹی کے لیے شفٹ تبدیل کر رہے تھے تو ان پر اس وقت حملہ ہوا، حملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی کوئٹہ میں ایف سی چیک پوسٹ ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔دوسری جانب وزیرداخلہ، وزیراعلی بلوچستان، پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker