اسلام آباد، ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے پھیلائو نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، ضلعی انتظامیہ نے کورونا کے بڑھتے ہوئے پھیلائو کو روکنے اور شہریوں کے جان کے تحفظ کیلئے 12ستمبر تک تمام انڈور اور آئوٹ ڈور،ان ڈور اجتماعات، کھیلوں اور تعلیمی اداروں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت میں کوروناکی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر 12ستمبرتک نئی پابندیاں نافذ کردی گئیں ، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ دوبارہ سے نئی پابندیاں عائد کردی ہیں، جمز اور آئوٹ ڈورڈائننگ پر بھی 12ستمبر تک پابندی عائد ہوگی۔علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت کے تمام نجی وسرکاری تعلیمی ادارے 6ستمبر سے 11ستمبرتک بندکردیئے گئے ہیں،اس دوران ان ہاوس امتحانات بھی نہیں ہوسکیں گے تاہم فیڈرل بورڈ کے تحت جاری امتحانات سخت ایس اوپیز کے تحت جاری رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ،این سی او سی کی ہدایت پر کیا گیا ہے ۔ ادھر اسلام آباد کا ایک اور تعلیمی ادارہ تین کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کردیا گیا۔ ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز آئی ایٹ تھری سے تین کورونا کیسز سامنے آگئے ،متاثرہ افراد سے رابطہ میں رہنے والے افراد کو 14 دن کیلئے قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔