اسلام آباد، ینگ انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹس ایسوسی ایشن (ایٹا)پاکستان کے وفد نے چیئرمین نیشنل ٹیکنالوجی کونسل سید امتیاز حسین گیلانی اور وائس چیئرمین ڈاکٹر محمد مختار سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفد نے ٹیکنالوجی گریجویٹس کو درپیش مسائل کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔ ایٹا پاکستان کے ممبران کا کہنا تھا کہ موجودہ گورنمنٹ کی طرف سے ٹیکنالوجی ایجوکیشن کو پرموٹ کرنے کے لئے نئی ٹیکنالوجی یونیورسٹیاں بنانا قابل ستائش ہے۔ لیکن ان یونیورسٹیوں کے پاس آئوٹ گریجویٹس کے لیے سروس رولز نہ ہونے کی وجہ سے ان میں کافی بے چینی پائی جاتی ہے اور ٹیکنالوجی یونیورسٹیوں کی طرف توجہ کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ لہذا اس نہ انصافی کو ختم کرنے اور ٹیکنالوجی یونیورسٹیوں کی طرف طلبا کی رغبت کو بڑھانے کے لئے ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن سے فوری ریلیف ملے۔ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے دونوں سربراہان نے وفد کو یقین دلایا کہ ٹیکنالوجی کونسل اور ٹیکنالوجی یونیورسٹیوں کی بقا انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹس کے مستقبل کے ساتھ منسلک ہے۔ اس لئے وہ تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے جو ملکی مفاد اور انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹس کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔اس کے بعد چیئرمین نیشنل ٹیکنالوجی کونسل نے تمام اداروں کو انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹس کے لئے سروس رولز بنانے، ٹیکنالوجی یونیورسٹیوں میں صرف انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹس کو بھرتی کرنے، اوورسیز سکالرشپ کے مسائل کو حل کرنے، ٹیکنالوجی کونسل سے رجسٹریشن لیے بغیر ڈگری پروگرام چلانے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور تمام اداروں کے انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹس ملازمین کی نیشنل ٹیکنالوجی کونسل سے رجسٹریشن کروانے کے لیے خطوط لکھنے کا وعدہ کیا۔ ملاقات کے آخر پر وفد نے چیئرمین و وائس چیئرمین نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انھیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور آئندہ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔