اسلام آباد،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیراعظم کے پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پارلیمنٹ لاجز میں پودا لگایا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعظم کی پلانٹ فار پاکستان شجرکاری مہم کے تحت جمعرات کو پارلیمنٹ لاجز میں پودا لگایا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی صورت میں بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے، زیادہ درخت لگا کر ہی ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماحول دوست اقدامات ہماری ترجیحات میں شامل ہونے چاہئیں، ماحول دوست رویوں کے فروغ کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو بھرپور شجرکاری اور ماحول دوست اقدامات سے ہی کم کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوام وزیراعظم عمران خان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں حصہ لے کر درخت لگائیں اور ماحول دوست رویئے اپنائیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے موثر قانون سازی کے لیے کوشاں ہیں، کاربن کا اخراج کم کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہاس شمسی توانائی سے بجلی کی ضروریات پوری کر رہا ہے۔صادق سنجرانی نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان کا محض 5.7 فیصد رقبہ جنگلات پر مبنی ہے جو بہت تشویش کی بات ہے، درخت لگانے سے نہ صرف ہمارا ماحول خوبصورت ہوگا بلکہ درخت آکسیجن کا اہم ذریعہ بھی ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ تعلیمی اور سماجی حلقوں سمیت قومی شجرکاری مہم میں انفرادی طور پر ہر ایک کو حصہ لینا چاہیے تاکہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2 ستمبر 2018 کو 10 بلین ٹری سونامی مہم کا آغاز کیا، پلانٹ فار پاکستان پانچ سالہ منصوبہ میں 2023 تک 10 بلین درخت لگانے کا ہدف ہے۔
درخت لگانے کا حدف ہے جس کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جاے گا pic.twitter.com/L10VaBTKVf
— Senate of Pakistan (@SenatePakistan) September 2, 2021