کابل، طالبان نے افغانستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے ساتھ شیڈول واحد ٹیسٹ میچ کھیلنے کی اجازت دیدی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان میں امریکی افواج کے انخلا کے بعد برسراقتدار آنے والے طالبان کی جانب سے افغانستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ بھیجنے کی اجازت مل گئی ہے جہاں وہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ساتھ واحد ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو حامد شنواری نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں طالبان کی جانب سے افغانستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا بھیجنے کی اجازت مل گئی ہے۔خیال رہے آسٹریلیا کو رواں برس ایشز سے قبل افغانستان سے پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے، یہ مقابلہ ہوبارٹ میں شیڈول اور اسے ایشز کی تیاری کیلیے اہم قرار دیا جا رہا ہے تاہم افغانستان پر طالبان کے کنٹرول سے افغان ٹیم کے دورے پر غیریقینی ظاہر کی جا رہی تھی جو اب ختم ہوگئی ہے۔اس سے قبل طالبان کے کلچرل کمیشن کے ڈپٹی سربراہ احمد اللہ واثق نے کہا کہ مستقبل میں ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کریں گے جب کہ ہماری ٹیم آسٹریلیا جا سکتی اور ان کی ٹیم یہاں آسکتی ہے۔دوسری جانب افغانستان سے واحد ٹیسٹ کے حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہوبارٹ میں تاریخی میچ کی میزبانی کیلیے پراعتماد ہیں، دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ اس ٹور کو یقینی بنانے پر کام کررہے ہیں جوٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فوری بعد شیڈول ہے۔