
ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے ریاض کے علاقے کی طرف داغا گیا کروز میزائل فضا میں ہی روک کر تباہ کردیا گیا۔
اتحادی افواج کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کے علاقے کو نشانہ بنانے کے لیے کروز میزائل داغا گیا تھا، جسے فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کردیا۔
ترجمان کے مطابق میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔ تاہم بیان میں میزائل کے ممکنہ ہدف، واقعے سے ہونے والے نقصان یا کسی جانی نقصان کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
تاحال حوثی گروپ کی جانب سے اس میزائل حملے کے دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ واقعے کی آزادانہ تصدیق بھی دستیاب نہیں ہے۔





