بین الاقوامیٹاپ سٹوری

اسرائیلی انتخابات، نیتن یاہو اور اپوزیشن اتحاد میں کانٹے کا مقابلہ

اسرائیلی انتخابات، ووٹوں کی گنتی جاری، پولز کے مطابق نیتن یاہو کی حکومت خطرے میں پڑگئی
تل ابیب: اسرائیل کے پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی ایگزٹ پولز میں وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو کے اتحاد اور اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کے اتحاد کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم کسی بھی اتحاد کو واضح اکثریت ملتی دکھائی نہیں دے رہی۔
ابتدائی ایگزٹ پولز کے مطابق دو جائزوں میں آئزنکوٹ کے اتحاد اور نیتن یاہو کے کیمپ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے، جبکہ تیسرے ایگزٹ پول میں نیتن یاہو کا اتحاد معمولی برتری حاصل کرتا دکھائی دیتا ہے۔
اس کے باوجود دونوں کیمپ پارلیمان میں حکومت بنانے کے لیے درکار اکثریت سے پیچھے دکھائی دے رہے ہیں۔
اپوزیشن کے ’تبدیلی بلاک‘ کی قیادت کرنے والے گادی آئزنکوٹ نئی قائم ہونے والی یاشار پارٹی کے سربراہ ہیں۔ اس اتحاد میں شامل اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ مقصد نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانا ہے۔
دوسری جانب ایگزٹ پولز میں نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی اسرائیلی پارلیمان کی سب سے بڑی انفرادی جماعت بن کر ابھرتی دکھائی دے رہی ہے۔
اسرائیلی پارلیمان، جسے کنیسٹ کہا جاتا ہے کی تمام 120 نشستوں پر انتخابات ہوئے ہیں۔ ملک میں ماضی میں کوئی ایک جماعت تنہا واضح اکثریت حاصل نہیں کرسکی اس لیے حکومت سازی کے لیے مختلف جماعتوں کے درمیان اتحاد قائم کرنا ضروری ہوتا ہے۔
انتخابات کے حتمی نتائج میں چند نشستوں کا فرق بھی حکومت کی تشکیل کا فیصلہ کرسکتا ہے۔
ماضی میں ایگزٹ پولز کے اندازے غلط ثابت ہونے کے باعث ابتدائی نتائج کو حتمی فیصلہ نہیں سمجھا جا رہا۔ سرکاری نتائج کا اعلان مقامی وقت کے مطابق نصف شب سے شروع ہوا تاہم ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
تل ابیب میں موجود رپورٹر کے مطابق انتخابی نتائج کے بعد حکومت سازی کے لیے کئی ہفتوں یا مہینوں تک سیاسی مذاکرات جاری رہنے کا امکان ہے جس میں مختلف جماعتوں کے درمیان اتحاد اور اقتدار میں شراکت کے متعدد امکانات زیرِ غور آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر ہونے والے حملوں کے بعد ملک کے پہلے پارلیمانی انتخابات ہیں۔ ان انتخابات کے نتائج نہ صرف نیتن یاہو کے سیاسی مستقبل بلکہ اسرائیل کی آئندہ حکومت کی تشکیل اور ملکی پالیسیوں کی سمت کے لیے بھی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker