بین الاقوامیتازہ ترین

بحیرہ روم میں شمالی قبرص کے قریب کشتی الٹ گئی ، 8 افراد ہلاک، 18 لاپتہ

بحیرہ روم میں شمالی قبرص کے قریب کشتی الٹ گئی ، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 18 لاپتہ ہو گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کشتی میں عملے کے 8 ارکان سمیت 267 افراد سوار تھے، 241 افراد کو بچا لیا گیا، کشتی خراب موسمی حالات کے باعث الٹی۔ ریسکیو کیے گئے افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ترکیہ کی وزارت داخلہ کے مطابق فلو جیٹ نامی کشتی شمالی قبرص کے شہر کیرینیا سے جنوبی ترکیہ کے شہر تاشوجو جا رہی تھی۔ کشتی میں عملے کے 8 ارکان سمیت 267 مسافر سوار تھے جب قبرص کے ساحل سے چند میل دور اس میں پانی بھرنا شروع ہو گیا۔ جس کے بعد کشتی حادثے کا شکار ہو گئی۔
حادثے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں کشتی کو سمندر میں ایک جانب جھکا ہوا دیکھا جا سکتا ہے جبکہ متعدد افراد لائف جیکٹس پہنے پانی میں موجود تھے اور کچھ افراد کشتی کے ایک حصے پر جمع تھے۔
ترک وزارت داخلہ کے مطابق ریسکیو آپریشن میں شمالی قبرص کے چار کوسٹ گارڈ جہاز، ایک مسافر کشتی اور دو کوسٹ گارڈ ہیلی کاپٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ جائے حادثہ کی ویڈیوز میں کم از کم ایک ہیلی کاپٹر کو حادثے کا شکار کشتی کے اوپر پرواز کرتے دیکھا گیا۔
میرین ٹریفک کی ٹریکنگ کے مطابق کشتی اتوار کی صبح کیرینیا کے شمال میں موجود تھی، تاہم بعد میں اس کی پوزیشن کے سگنلز موصول ہونا بند ہو گئے۔
کیرینیا بندرگاہ سے براہ راست نشر ہونے والی ویڈیو میں ریسکیو کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بچائے گئے افراد کو بندرگاہ پہنچتے دیکھا گیا۔
دوسری جانب ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیراعظم اونال اسٹل نے کہا ہے کہ کشتی کے کپتان اور عملے کے 7 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker