بین الاقوامیتازہ ترین

سویڈن ، اسکول میں طلبہ پر تلوار سے حملہ ، ایک ہلاک ، 3 زخمی

سویڈن کے شہر فاجرستا کے ہائی اسکول میں نوجوان نے تلوار سے طلبہ پر حملہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 18 سالہ نوجوان کے حملے میں 1 شخص ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

وسطی سویڈن کے شہر فاجیرستا کے برینیل ہائی اسکول میں پیش آیا، اسکول گرمیوں کی تعطیلات کے بعد دوبارہ کھلا تھا اور بعض طلبہ کا اسکول میں پہلا دن تھا ، اسکول میں 16 سے 20 سال کی عمر کے تقریباً 450 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
پولیس چیف کے مطابق حملہ آور کو گولی مار کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 2 کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ تیسرے زخمی شخص کو اسپتال سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور اسی اسکول کا سابق طالب علم تھا۔ حملہ آور کو پہلے بھی تشدد کے مقدمے میں سزا ہو چکی ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے ایس وی ٹی نے نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آور نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور اس کے ہاتھ میں تلوار تھی۔

ایک طالب علم عبدالرحیم سالمو نے ایس وی ٹی کو بتایا کہ اس نے ایک زخمی شخص کو دیکھا جس کے بازو پر خون آلود زخم تھا۔ پھر لوگوں نے پولیس کو فون کیا اور ہم سب خوف کے مارے وہاں سے بھاگ گئے۔

فاجیرستا کی میئر آسا مارٹا شوستروم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے چھوٹا سا شہر شدید صدمے سے دوچار ہے۔ اس وقت ہماری اور اسکول کی اولین ترجیح اپنے طلبہ اور ملازمین کی دیکھ بھال کرنا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker