
تہران:ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے استعفیٰ دینے پر غور سے متعلق خبروں کو افواہیں قرار دے کر مسترد کر دیا۔
صدر پزشکیان نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے اختلافات کی خبروں کی بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سپریم لیڈر سے کوئی اختلاف نہیں ، اپنے عہدے پر برقرار رہنے ہوئے بطور صدر ذمہ داریاں انجام دیتا رہوں گا۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اورمسلح افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور رابطہ موجود ہے۔ اگر مستعفی ہونے کا فیصلہ کروں گا تو اس کا اعلان خود کروں گا ، فی الحال مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایرانی حکومت اور سپریم لیڈر کے درمیان اختلافات موجود ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
صدر پزشکیان کے مطابق ان کی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ریاستی ادارے باہمی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
اس سے پہلے ایرانی صدر کے ڈپٹی انفارمیشن افسر مہدی طباطبائی نے کہا تھا کہ سیاسی انتہاپسند افواہیں پھیلا رہے ہیں تاکہ قومی اتحاد کو نقصان اور ایران کے دشمنوں کے مفادات کو فائدہ پہنچایا جائے۔ اور ایران کے مخالفین کو فائدہ حاصل ہو۔





