بین الاقوامیٹاپ سٹوری

ایران معاہدہ ناکام ہوا تو آبنائے ہرمز پر ٹول ٹیکس عائد کر سکتے ہیں، ٹرمپ کی نئی دھمکی

واشنگٹن:(آئی پی ایس) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کسی حتمی معاہدے تک نہ پہنچ سکے تو امریکا آبنائے ہرمز پر ٹول (فیس) عائد کرنے پر غور کر سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ فی الحال آبنائے ہرمز پر کسی قسم کا ٹول نافذ نہیں کیا جائے گا، تاہم اگر ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل نہ ہوا تو امریکا اس اہم آبی گزرگاہ پر اپنی خدمات کے عوض فیس وصول کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکا کئی دہائیوں سے مشرق وسطیٰ کے ممالک کے لیے ’محافظ‘ یا ’گارڈین اینجل‘ کا کردار ادا کر رہا ہے اور خطے کے امن و سلامتی کے لیے بھاری اخراجات برداشت کرتا آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر معاہدہ ناکام ہوا تو امریکا ماضی، حال اور مستقبل کے اخراجات کے ازالے کے لیے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری تجارت پر محصولات یا ٹول عائد کرنے پر غور کر سکتا ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی تیل تجارت کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔ خلیج فارس کو بحیرہ عرب سے ملانے والی اس گزرگاہ کی اہمیت عالمی توانائی کی منڈیوں کے لیے انتہائی زیادہ ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں اس نوعیت کا کوئی اقدام کیا جاتا ہے تو اس کے عالمی تیل کی قیمتوں، بحری تجارت اور بین الاقوامی معیشت پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان ایران کے ساتھ جاری سفارتی مذاکرات پر دباؤ بڑھانے کی کوشش بھی ہو سکتا ہے، تاکہ دونوں فریق جلد کسی حتمی سمجھوتے تک پہنچ سکیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمتی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے مزید مذاکرات جاری ہیں اور عالمی برادری ان مذاکرات کے نتائج پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker