
بیجنگ :چینی صدر شی جن پھنگ نے ” چائنا امریکہ یوتھ فرینڈ شپ پروگرام ” میں شرکت کرنے والے دونوں ممالک کے طلباء کو جوابی خط لکھا۔جمعرات کے روز صدرشی جن پھنگ نے کہا کہ انہیں یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ دونوں ممالک کے طلباء نے ” چائنا امریکہ یوتھ فرینڈ شپ پروگرام ” میں شامل ہوتے ہوئے ایک ناقابل فراموش دوستی کے سفر کا تجربہ حاصل کیا ہے۔ صدر شی کا کہنا تھا کہ چین-امریکہ دوستی کی کہانیاں عوام لکھتے ہیں، اور دونوں ممالک کے تعلقات کا مستقبل نوجوان تخلیق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نومبر 2023 میں انہوں نے "5 سال میں 50 ہزار امریکی نوجوانوں کو چین میں تبادلے اور مطالعے کی دعوت دینے ” کی تجویز پیش کی تھی ، جس کے بعد 50 ہزار سے زیادہ امریکی نوجوان چین آئے، اور متوقع ہدف کو ڈیڑھ سال پہلے حاصل کر لیا گیا۔صدر شی جن پھنگ نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ ان تبادلوں کے دوران، چینی اور امریکی نوجوانوں نے باہمی تفہیم اور مفاہمت کو گہرا کیا ، مضبوط دوستی قائم کی ، اور دونوں ممالک کے عوام کے دوستانہ تعلقات کا ایک نیا باب لکھا۔چین کے صدر نے اس امیدکا اظہار کیا کہ مزید چینی اور امریکی نوجوان ایک دوسرے سے سیکھیں گے، مشترکہ ترقی کریں گے، اور "دوستی کے سفیر ” بنیں گے، تاکہ چین-امریکہ تعلقات کی مستحکم، صحت مند اور پائیدار ترقی میں نئی خدمات سرانجام دے سکیں ۔




