
بیجنگ :چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیا کھون نے یومیہ پریس کانفرنس میں آنے والے دو دنوں میں امریکہ -ایران مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ چین ایسی تمام کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے جو جنگ بندی میں مددگار ہوں ۔ جمعرات کے روز ان کا کہنا تھا کہ چین ، پاکستان کی امریکہ اور ایران کے درمیان عارضی جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتا ہے، پاکستا ن نے انصاف اور توازن کے ساتھ ثالثی کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت فوری ترجیح یہ ہے کہ جنگ کے دوبارہ شروع ہونے سے ہر ممکن طور پر بچا جائے، حاصل شدہ جنگ بندی کو برقرار رکھا جائے، اور تنازعات کو سیاسی اور سفارتی طریقوں سے حل کرنے پر قائم رہا جائے ۔ گو جیا کھون نے کہا کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر مشرق وسطی اور خلیجی علاقے میں امن و استحکام کی جلد از جلد بحالی میں اپنا تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔





